یمن کو کسی بھی امریکی اقدام کی پرواہ نہیں، یمنی عوام کے افلاس اور قتل کا ذمہ دار خود امریکا ہے، محمد علی الحوثی
صنعاء(ایچ ایم نیوز)یمن کے حوثی باغیوں کے رہنما کا کہنا ہے کہ ایران کا حمایت یافتہ گروپ امریکا کی جانب سے گروپ کو بلیک لسٹ کرنے پر اسے جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، یمنی عوام ٹرمپ انتظامیہ کے کسی بھی اقدام کی پرواہ نہیں کرتے، امریکا یمنی لوگوں کے قتل اور انہیں بھوکا مارنے میں شراکت دار ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ حوثی باغیوں کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ محمد علی الحوثی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی اور اس کا برتا ئودہشت گردی ہے، ہم ٹرمپ انتظامیہ یا کسی بھی انتظامیہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دینے پر اسے جواب دینے کا حق رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 'یمن کے عوام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ایسی کسی بھی اقدام کی پرواہ نہیں کرتے، کیونکہ وہ یمنی لوگوں کے قتل اور انہیں بھوکا مارنے میں شراکت دار ہیں۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی ایسے کسی بھی ممکنہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کو بلیک لسٹ کرنے کا اقدام ناکامی کا ثبوت ہے۔سعید خطیب زادہ نے کہا کہ 'یہ واضح ہے کہ ایسے اقدامات اس لیے اٹھائے جارہے ہیں کیونکہ مغربی ایشیا میں امریکا کے لیے صورتحال بہت خراب ہے۔واضح رہے کہ امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے اعلان کیا تھا کہ ان کا محکمہ کانگریس کو اپنے اس ارادے سے آگاہ کرے گا کہ وہ یمن کے حوثی گروپ جسے انصار اللہ کے نام سے پہچانا جاتا ہے کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینا چاہتی ہے۔مائیک پومپیو نے حوثی گروپ کے سربراہ عبدالملک الحوثی سمیت تین رہنماں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کردیا تھا۔