پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد کی صدرِ مملکت سے ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال
کراچی(ایچ ایم نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کی اور سندھ سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں گے۔ شہر قائد ملک کا اقتصادی حب ہے۔ یہاں پر انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ ہونی چاہئیے۔ انہوں نے لاڑکانہ ، دادو، سکھر، خیرپور، شکارپور سمیت دیگر شہروں اور دیہاتوں میں صحت و تعلیم کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ایچ آئی وی کے مریضوں میں بچوں کی تعداد میں اضافے پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت و تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں ہیلتھ کارڈ کے ذریعے شہریوں کو صحت کی سہولتوں میں کافی حد تک مدد مل سکے گی۔ انصاف ہیلتھ کارڈز کے ذریعے عوام کے صحت کے مسائل حل ہوں گے۔