الصدری گروپ کے سربراہ نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں قبل از وقت انتخابات کرانے کا بھی مطالبہ کردیا
بغداد(ایچ ایم نیوز)عراق میں الصدری گروپ کے سربراہ مقتدی الصدر نے عراقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خون ریزی کا سلسلہ روکنے کے لیے مستعفی ہو جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق الصدر نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں قبل از وقت انتخابات کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔اس سے قبل مقتدی الصدر نے سائرون گروپ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنی رکنیت معطل کر دیں۔ بعد ازاں مذکورہ گروپ نے مظاہرین کے مطالبات پورے ہونے تک اپنے ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ سائرون گروپ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ و مظاہرین کے قانونی مطالبات میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ بیان میں احتجاج کنندگان پر زور دیا گیا کہ وہ مظاہروں کے پر امن ہونے اور خدمات کے مطالبے تک محدود رہنے کو یقینی بنائیں۔سائرون گروپ نے خبردار کیا کہ احتجاج کنندگان میں دراندازی کرنے والے بعض بیرونی عناصر نے مظاہروں کا رخ تبدیل کرنے کی کوشش کی۔