سعودی ولی عہد نے پاکستانیوں کو آزاد کرنے کا وعدہ وفا نہ کیا بلکہ کچھ کو سزائے موت سنا دی گئی ہے، ڈائریکٹرجسٹس پراجیکٹ
ریاض(ایچ ایم نیوز) پاکستان کے اتحادی ملک سعودی عرب میں سب سے زیادہ پاکستانیوں کے سرقلم کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ان کی جیلوں میں موجود غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ تعداد بھی پاکستانیوں کی ہے۔ بین الاقوامی میڈیہا کے مطابق جسٹس پراجیکٹ پاکستان کے مطابق دنیا بھر میں کے مختلف ممالک کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے جبکہ 7 ہزار کے قریب صرف عرب ممالک میں قید ہیں۔جسٹس پراجیکٹ پاکستان کی ڈائریکٹر سارہ بلال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دورہ پاکستان کے دوران دو ہزار قیدیوں کو رہا کرنے کے وعدے پر تاحال عمل نہیں کیا گیا بلکہ ان میں سے کچھ افراد کو سزائے موت سنا کر اس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں تین ہزار چار سو پاکستانی قید ہیں، جن میں سے اس سال اب تک ایک خاتون سمیت چھبیس افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔