عمران خان اور نریندر مودی شاندار شخصیت کے حامل ہیں ، یہ دونوں اکھٹے چل سکتے ہیں،امریکی صدر
واشنگٹن(ایچ ایم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کشمیر مسئلے کے حل کا انحصار بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی شاندار شخصیت کے حامل ہیں اور یہ دونوں اکھٹے چل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری وزیراعظم عمران خان سے بہت اچھی ملاقات ہوئی ، اگر دونوں ممالک چاہیں تو مسئلہ کشمیر حل کرانے میں ثالث کا کردار ادا کر سکتا ہوں۔یاد رہے گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے دوران ہونی والی ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی۔انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نے ایک ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر پر انہیں ثالثی کا کردار ادا کرنے کا کہا۔ٹرمپ نے کہا کہ یہ مسئلہ طویل عرصے سے موجود ہے اور میں یہ جان کر بہت حیران بھی ہوا کہ اس خوبصورت علاقے میں روزانہ بم گرائے جاتے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس خطے کی آبادی ایک ارب سے زائد ہے جو مسئلہ کشمیر کی بنیاد پر یرغمال بنی ہوئی ہے، امریکا دنیا کے طاقت ور ترین ملک کی حیثیت سے برصغیر میں امن لانے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔