ہمارے سائنسدانوں نے انہیں دو ماہ کے کم وقت میں تیار کیا ہے ، امید ہے کہ مستقبل قریب میں ان ویکسینز کے موثر اور محفوظ ہونے کی تصدیق ہو جائے گی جس کے بعد انہیں وبا کی روک تھام اور قابو پانے کیلئے استعمال کیا جائے گا،روسی وزیراعظم
ماسکو(ایچ ایم نیوز) روس نے نوول کرونا وائرس کی ویکسین کی جانچ شروع کردی ۔جاری ہونے والے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 54مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی تعداد 253 ہوگئی ہے۔سرکاری بیان کے مطابق روس کے وزیراعظم میخائل میشوستین نے نوول کرونا وائرس کا پھیلا روکنے کیلئے قائم سرکاری تعاون کونسل کی صدارت کرتے ہوئے کہاہے کہ ابھی روس میں 6 ادویات کی جانچ کی جارہی ہے۔میخائل نے کہا کہ ہمارے سائنسدانوں نے انہیں دو ماہ کے کم وقت میں تیار کیا ہے جس میں انہوں نے دستیاب اشیا اور جدید بائیوٹیکنالوجی استعمال کی۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ مستقبل قریب میں ان ویکسینوں کے موثر اور محفوظ ہونے کی تصدیق ہو جائے گی جس کے بعد انہیں وبا کی روک تھام اور قابو پانے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔روس کے صارفین کے حقوق اور انسانی بہبود کے ادارے روسپوتر بنازدور نے جمعہ کو ایک بیان میں کہاہے کہ روس کے 9 علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نوول کرونا وائرس کے 54 نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے جو کہ گزشتہ روز کی نسبت 52 زیادہ ہیں۔ادارے نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں الگ تھلگ رکھے گئے بیماری میں مبتلا مریضوں نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک کو گزشتہ 2 ہفتوں میں دورہ کیا تھا۔