کلائمیٹ ایمرجنسی کے نفاذکیلئے ساڑھے چار لاکھ سے زائد افراد نے دو مختلف پٹیشنوں پر دستخط کئے
پیرس معاہدے پر عملدرآمد کرکے ملک میں ہرے بھرے، سر سبز علاقے بڑھائے جائیں، پٹیشنرز کا موقف
نئی دہلی(ایچ ایم نیوز) بھارت میں موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر کلائمیٹ ایمرجنسی نافذ کرنے کیلیے ساڑھے چار لاکھ سے زائد افراد نے دو مختلف پٹیشنوں پر دستخط کردیئے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت میں ساڑھے چار لاکھ سے زائد افراد نے دو مختلف پٹیشنوں پر دستخط کیے ہیں، جن میں وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ملک میں کلائمیٹ ایمرجنسی نافذ کریں۔بھارتی ٹی وی کے مطابق سولہ سالہ طالب علم امن شرما نے رواں سال مئی میں انٹرنیٹ پر ایک پٹیشن لانچ کی، جس پر اب تک ایک لاکھ ستر ہزار افراد دستخط کر چکے ہیں۔مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دوسری پٹیشن ممبئی کے انسٹاگرامر جیتندرا شرما نے لانچ کی جس کی تین لاکھ لوگ حمایت کر چکے ہیں۔بھارتی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ ان پٹیشنز میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت میں پیرس معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد کرے اور ملک میں ہرے بھرے، سر سبز علاقے بڑھائے جائیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں شامل ہے اور اسی سبب ملک کو پانی کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے۔