دونوں ممالک علاقائی امن اور سلامتی کو فروغ دینے کیلئے ہمیشہ ایک ساتھ کھڑے ہوئے ہیں
تمام ممالک بین الاقوامی قوانین کی پابندی کریں اور کسی کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت نہ کریں
چین اور پاکستان افغانستان میں امن اور مفاہمت کو فروغ دینے کی کوششیں کر رہے ہیں، گلوبل ٹائمز کی رپورٹ
بیجنگ(ایچ ایم نیوز) چینی ذرائع ابلاغ نے ہانگ کانگ کے مسئلے پر پاکستان کی طرف سے کھل کر حمایت کرنے کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ممالک علاقائی امن اور سلامتی کو فروغ دینے کیلئے ہمیشہ ایک ساتھ کھڑے ہوئے ہیں ،پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ بیجنگ کے موقع پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے چین کے معروف اخبار گلوبل ٹائمز نے اپنی تازہ ترین رپور ٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرنے اور چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے پر زور دیا ہے ،مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ ہانگ کانگ کا مسئلہ چین کا اندرونی معاملہ ہے اس نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پابندی کریں اور دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے بنیادی اصولوں پر کاربند رہیں ،رپورٹ کے مطابق چین نے پاکستان کی علاقائی حساسیت کا ادراک کر لیا ہے اور بھارت کی طرف سے جموں و کشمیر کے خود مختار سٹیٹس کے خلاف کارروائی پر پاکستان کو بڑے خدشات لاحق ہیں یہ معاملہ عمران خان اور چینی رہنمائوں کے ا جلاسوں میں بارہا زیر غور آیا ہے کشمیر کے معاملات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے چین نے تاریخ میں ابھی تک تصفیہ طلب اس تنازعہ کے بارے میں واضح موقف اختیار کیاہے ،چین نے اقوام متحدہ منشور کی قرار دادوں اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں اوردو طرفہ معاہدوں کی بنیاد پر پر امن حل کا مطالبہ کیا ہے اور کسی بھی یکطرفہ کارروائی کی مخالفت کی ہے جو مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا دے گی ،ایک اور معاملہ جس پر مشترکہ خدشات موجود ہیں افغانستان کا مسئلہ ہے جہاں عشروں کی جنگ اور تباہی نے ملک کو پسماندگی میں تبدیل کر دیا ہے چین اور پاکستان دونوں افغانستان میں امن اور مفاہمت کو فروغ دینے کی کوششیں کر رہے ہیں۔