روپے کی ویلیو کو مستحق کیا جائے،زرمبادلہ کے عوض خام مال میسّر ہوتا ہے
صنعت و تجارت اور ملکی خزانے کو ٹیکس کی مد میں ناقابلِ تلافی نقصان کا سامنا ہے
حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا ہے کہ معیشت کے استحکام کا دارومدار روپے کی قدر کے مستحکم ہونے میں ہے۔ لیکن بد قسمتی سے روپے کی قدر میں ڈالر اور دوسری کرنسیوں کے مقابلے میں روزانہ کی بنیاد پر کم ہوری ہے جس سے ملکی معیشت بدحالی کا شکار ہے اور غریب ممالک سے خام مال کی خرید پر روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے بہت زیادہ زرمبادلہ کے عوض خام مال میسّر ہوتا ہے جس کی وجہ سے ملکی مصنوعات کی تیاری میں کمی آتی جارہی ہے۔ کیونکہ جو مصنوعات تیار ہوتی ہیں اُن پر لاگت کے مقابلے میں ملکی اور غیر ملکی منڈیوں میں اُن کی مانگ کم ہوتی جارہی ہے ، جس سے صنعت و تجارت اور ملکی خزانے کو ٹیکس کی مد میں ناقابلِ تلافی نقصان کا سامنا ہے۔ اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود سے مطالبہ کیا کہ وہ مثبت معاشی پالیسیاں ترتیب دیں اور اِس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے تاکہ روپے کی قدر کو استحکام حاصل ہو اور مصنوعات کی تیاری میں جو لاگت آئے وہ کم ہو اور برآمدات اور ملکی مارکیٹ میں فروخت سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ حاصل ہو اور صنعت کا پہیہ بھی پہلے کی طرح اپنی ڈگر پر آجائے۔