پانچ لاکھ پر امن افراد کئی سالوں سے برطانیہ میں مقیم ہیں،برطانوی شہری کہلانا انکا حق بنتاہے،بورس جانسن
لندن(ایچ ایم نیوز)برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو شہریت دینے کے معاملے پر غور کیا جارہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ لاکھوں تارکین وطن کا حق بنتاہے انہیں اجازت دی جائے۔برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے نئے وزیر اعظم بورس جانسن نے برطانیہ میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کو خوشخبری سنادی۔برطانوی وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ5لاکھ تارکین وطن کو ایمنسٹی دینے پرغور کررہے ہیں، ہم نے ماضی میں بھی غیر قانونی تارکین وطن کو ایمنسٹی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔بورس جانسن کا مزید کہنا تھا کہ پانچ لاکھ افراد گزشتہ کئی سالوں سے پرامن طور پر برطانیہ میں مقیم ہیں، لاکھوں تارکین وطن کا حق بنتاہے لہذا انہیں اجازت دی جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال 2018میں اس وقت کے سیکریٹری خارجہ بورس جانسن نے برطانوی پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ گذشتہ دس برس سے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو شہریت دی جائے،بورس جانسن کا مزید کہنا تھا کہ جن تارکین وطن کا ماضی شفاف ہے، برطانیہ میں غیر قانونی طور پر بسنے والے وہ افراد جو جرائم سے پاک ہوں انہیں فوری طور پر برطانیہ کی شہریت دی جائے۔یاد رہے کہ برطانیہ کے سیکریٹری برائے امور خارجہ جارس بونسن لندن کے میئر بھی رہ چکے ہیں، اور موجودہ حکمران پارٹی کے اہم رکن بھی سمجھے جاتے ہیں۔