ورکشاپ کا مقصد کالجز میںبی اے ، بی ایس سی کی جگہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز متعارف کروانا تھا
مظفرآباد (ایچ ایم نیوز)آزاد جموں و کشمیریونیورسٹی نے آزاد کشمیر بھر کے کالجز میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کو شروع کرنے کے حوالہ سے کالجز کے پرنسپل ،اساتذہ کرام کوایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے کے بارے میں معلومات کی فراہمی اور رہنمائی کیلئے ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ جامعہ کشمیر کے شعبہ کوالٹی انہانسمنٹ سیل (QEC) کے زیر اہتمام منعقدہ ورکشاپ کا مقصد آزاد کشمیر بھر کے کالجز میں آئندہ بی اے ، بی ایس سی کی جگہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کو متعارف کروانا تھا۔وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کے علاوہ ورکشاپ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے کنسلٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سید ذوالفقار گیلانی،ڈائر یکٹر کوالٹی ایشورنس ایچ ای سے ناصر حسین شاہ کو بطور خاص مدعو کیا گیا تھا۔ تربیتی ورکشاپ سے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ کہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے آغاز کامقصد جہاں معیاری تعلیم کا فروغ ہے وہاں طلبہ کو نئے دور کے تقاضوں کے مطابق رہنمائی کرنا ہے۔ وائس چانسلر نے شرکاءکو یقین دلایا کہ جامعہ کشمیر کالجز کے ساتھ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کو چلانے میں بھرپور تعاون کرےگی ، وائس چانسلر نے مزید کہا کہ جامعات اور کالجز کسی بھی سٹیٹ کے لاز م و ملزوم ارکان ہیں، دونوں کی ترقی اصل میں کوالٹی آف ایجوکیشن کو بہتری کی طرف گامزن کرتی ہے۔ وائس چانسلر نے اس طرح کی تربیتی ورکشاپ کو اساتذہ واور انتظامی آفیسران کے لیے ضروری قرار دیا جن میں شرکاءکی چھپی ہوئی صلاحتیوں کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہاکہ اچھا استاد وہ ہے جو اچھے انداز میں طلبہ کو پرھائے اور انکی تحقیقی صلاحتوں کو سامنے لائے ،ان کے اندر خود اعتمادی پیدا کرے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کا بنیادی مقصد طلباءکی اس انداز سے نشو نما کرنا ہے کہ وہ مارکیٹ کی ضرورتوں کو پورا کریں اور اپنے آپ کو بہتر طور سے معاشرے اور مارکیٹ کے لیے ممد و معاون پائیں۔ رئیس جامعہ نے جملہ شرکاءپرنسپل کالجز ، اساتذہ کرام کا ورکشاپ میں شرکت اور مذکرہ پروگرام کو اپنے کالجوں میں چلانے کے حوالے سے مثبت رائے کو سراہا۔ مزید برآں ورکشاپ کے احسن انعقاد پر رئیس جامعہ نے پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق ، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل اور انکی جملہ ٹیم کی کوششوں کو سراہا ۔اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر سید ذوالفقار گیلانی نے تمام کالجز کے پرنسپلز اور اساتذہ کرام کو ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے حوالہ سے مکمل رہنمائی فراہم کی ،انہوں نے ایسوی ایٹ ڈگری پروگرام کے حوالے سے اساتذہ کرام کے تحفظات کا تسلی بخش جواب دیا اور انہیں پروگرام کے حوالہ سے اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرگیلانی نے شرکاءورکشاپ کو بتایا کہ مذکورہ پروگرام دنیا کے نظام تعلیم کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرے گا۔ ڈاکٹر گیلانی نے رئیس جامعہ کشمیر کی ان کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت جامعہ نے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کا مکمل مسودرہ مرتب کیا۔ ورکشاپ کے پہلے سیشن میں جامعہ کشمیر کے شعبہ کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر پروفیسر خواجہ محمد رفیق نے تفصیلی پرزنٹیشن پیش کیا ۔ رائیس جامعہ کی ہدایات پر ڈائریکٹر QECنے یونیورسٹی آزاد جموں و کشمیر کے تیار کردہ ایسوسی ایٹ ڈگری کا مکمل مسودہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذمہ داران اور یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز کے پرنسپل ،اساتذہ کے سامنے پیش کیا۔ شعبہ کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی جانب سے مرتب کردہ مسودہ کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے حکام نے بہت پزیرائی دی۔