صوبہ فاریاب کے ضلع بل چراغ پر طالبان کا حملہ پسپا،انتہاپسند فرار ہونے پر مجبور
تالکان(ایچ ایم نیوز)طالبان انتہاپسندوں نے افغانستان کے شمالی صوبے تخار میں ایک پل کو بارودی مواد سے اڑا دیا، جس سے تالکان شہر کا سینکڑوں دیہات کے ساتھ رابطہ منقطہ ہوگیا،صوبائی پولیس ترجمان عبدالخلیل اثر کے مطابق طالبان کے گروپ نے چنزئی کے علاقے میں ایک بڑے پل کو بارودی مواد سے اڑا دیا،جس کے نتیجے میںصوبائی دارالحکومت تالکان شہر کا سینکڑوں دیہات سے رابطہ کٹ گیا ہے،مقامی ذرائع کے مطابق ان علاقوں کے لوگو ں کوکئی گھنٹے کا مزید سفر طے کرکے تالکان شہر جانا ہوگا۔اس سے قبل طالبان قندھار اور تخار صوبوںکے کم ازکم تین بڑے پل تباہ کرچکے ہیں۔دریں اثناء سرکاری فورسز نے صوبہ فاریاب کے ضلع بل چراغ پر طالبان کا حملہ پسپا کردیا، اور شہر پر قبضہ کرنے کی طالبان کوشش ناکام بنادی ہے۔صوبائی حکومت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روزعلاقے میںفضائی اور زمینی اپریشن شروع کیا جس کے نتیجے میں انتہاپسندوںکوفرار ہونے پر مجبور کردیا گیا ۔اب یہاں امن وامان قائم رکھنے کیلئے پولیس موجود ہے۔ تاہم سرکاری اعلان میں جانی نقصان کے بارے میںکچھ نہیں بتایاگیا،طالبان اس علاقے پر قبضہ کرنے کیلئے دو سال سے جدوجہد کررہے ہیں۔