گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 2.63 ملین تک پہنچ گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹیکس سال 2018ء کے دوران ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی شرح میں 43 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 2.63 ملین تک پہنچ گئی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اعدادو شمار کے مطابق ٹیکس سال 2017ء کے دوران 1.84 ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے تھے۔ اس طرح ٹیکس سال 2017ء کے مقابلہ میں ٹیکس سال 2018ء کے دوران گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں 0.79 ملین یعنی 43 ملین اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر حکام نے کہا ہے کہ عوام کی بڑی تعداد ٹیکس گوشوارے جمع کروا رہی ہے اور ٹیکس سال 2019ء کے دوران اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایکٹو ٹیکس پیئرز کی موجودہ لسٹ (اے ٹی ایل) فروری 2019ء کے اختتام تک نافذ العمل ہے اور ٹیکس سال 2019ء میں گوشوارے جمع ہونے کی بنیاد پر نئی اے ٹی ایل مارچ 2019ء میں جاری کی جائے گی۔