کمپنی نے تیسری سہ ماہی میں 570ملین روپے کا منافع حاصل کیا
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) شیل پاکستان لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرزنے 22اکتوبر،2019ء کو تیسری سہ ماہی کے ما لی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اِس اعلان کے مطابق کمپنی نے 30ستمبر،2019ء کو ختم ہونے والی تیسری سہ ماہی میں 570ملین روپے کا منافع حاصل کیا ہے جو گزشتہ برس کے ،اسی عرصے کے مقابلے میں، 334ملین روپے زیادہ ہے ۔میکرواکنامک چیلنجوں کے باوجود ،شیل پاکستان نے مذکورہ سہ ماہی کے دوران، اپنی اسٹریٹیجک ترجیحات پر توجہ مرکوز رکھی ہے اورآپریشنل کارکردگی کو مزید عمدہ بنایا ہے اور کامیابی سے بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا۔ تاہم،30ستمبر، 2019ء کو ختم ہونے والے 9ماہ کے عرصے میں، مجموعی مالی کارکردگی ابھی بھی کمپنی کے لیے دشوارصورت حال کی حیثیت رکھتی ہے؛ جس کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں غیر معمولی کمی، تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں بے یقینی اور کمپنی کی جانب سے قابل ادا ٹیکسوں کی کم از کم شرح میں اضافہ ہے۔کمپنی آئندہ بھی اپنے مسابقتی کاروباری منصوبوں پر عمل درآمد پر توجہ برقرار رکھے گی تاکہ اعلی معیار کی کاروباری کارکردگی پیش کر سکے۔