انقلاب دشمن عناصرمعاشرے کو تقسیم کرنے ، صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے لئے انتخابی مدت کو استعمال کرنا چاہتے ہیں،خطاب
تہران (ایچ ایم نیوز)ایرانی وزیر داخلہ عبد الرزا رحمانی فضلی نے پانچ ماہ بعد ملک میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے قریب عوامی مظاہروں اور مزدور ہڑتالوں کا دائرہ وسیع ہونے کے خدشات کا اظہار کیا ہے اورکہاہے کہ انقلاب کے دشمن معاشرے کو تقسیم کرنے اور صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے لئے انتخابی مدت کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فضلی نے بحیرہ قزوین میں ایک تقریر میں کہا کہ پچھلے پانچ ماہ کے دوران مظاہرے اور ریلیاں گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریبا 38 فی صد کمی ہوئی ہیں مگر کچھ علاقوں میں اضافہ ہوا ہے اور مظاہروں میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے پاس خفیہ اور عام معلومات ہیں کہ انقلاب کے دشمن معاشرے کو تقسیم کرنے اور صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے لئے انتخابی مدت کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔