پاکستان سپرلیگ فائیو میں کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کی کچرا اٹھانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں گزشتہ روز پشاور زلمی اورکراچی کنگز کے درمیان میچ کھیلا گیا جس کے بعد آفیشلز اور کھلاڑی پانی کی بوتلیں پھینک کرچلے گئے اس دوران کراچی کنگزکے ہیڈکوچ ڈین جونز نے بوتلیں اور کچرا سمیٹ کر ڈسٹ بن میں ڈالا اور دیگر کھلاڑیوں کیلئے بہترین مثال قائم کی۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق کنگز کے غیر ملکی ہیڈکوچ ڈین جونز کا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔میچ ختم ہونے کے بعد ڈین جونزنے کھلاڑیوں کے بیٹھنے کی جگہ کی صفائی کی۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق سوشل میڈیا پر غیرملکی کوچ ڈین جونز کے اس عمل کو لوگوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
القمرآن لائن کے مطابق کراچی میں کھیلے گئے میچ میں گزشتہ روز کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 10 رنز سے ہرا دیا تھا۔ کنگز نے چار وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 191 رنز بنا سکی تھی۔