بورام مزاحیہ وڈیو بنانے میں ایکسپرٹ ہے ،بچی کے چینلز کے مجموعی سبسکرائبر 30کروڑ سے زائد ہیں
واشنگٹن(ایچ ایم نیوز)ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر چینلز بنا کر یوں تو دنیا کے سیکڑوں افراد سالانہ اربوں روپے کما رہے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ چند سال ایسے کم عمر بچے بھی سامنے آئے ہیں جو یوٹیوب پر والدین کی مدد سے اکائونٹ بنانے کے بعد اب سالانہ اربوں روپے کما رہے ہیں۔اگرچہ یوٹیوب پر کم عمر بچوں میں کمائی میں سب سے آگے 7 سالہ امریکی بچہ ریان ہے، جس کی سالانہ کمائی تقریبا ڈھائی ارب روپے پاکستانی ہے۔تاہم یوٹیوب پر ریان سے زیادہ جنوبی کورین بچی 6 سالہ بورام کے سبسکرائبر زیادہ ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ایک ارب روپے سے زائد کی شاندار عمارت خرید کر سب کو حیران کردیا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق بچوں سے متعلق مزاحیہ ویڈیوز بنا کر یوٹیوب پر رکھنے والی جنوبی کورین بچی 6 سالہ بورام نے دارالحکومت سیول میں شاندار عمارت خرید کر سب کو حیران کردیا۔رپورٹ کے مطابق بورام نے تقریبا 80 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ایک ارب روپے سے زائد کی رقم میں 5 منزلہ عمارت خرید کر سب کو حیران کردیا۔بورام کے یوٹیوب پر دو مختلف چینلز ہیں اور ان کے دونوں چینلز کے مجموعی سبسکرائبر کی تعداد 30 کروڑ سے زائد ہے اور ان کی ویڈیوز کو چند ہی دن میں لاکھوں بار دیکھا جاتا ہے۔