اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے یہودیہ اور سامریہ نامی علاقوں میں آباد کاری کی منظوری دی
تل ابیب(ایچ ایم نیوز)اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاری کے لیے مزید 800نئے مکانات کی تعمیر کی منظوری دے دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہودی آباد کاری کا فیصلہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب رواں ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخاب میں شکست کے بعد جو بائیڈن کو اقتدار منتقل کریں گے۔اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے یہودیہ اور سامریہ نامی علاقوں میں آباد کاری کی منظوری دی۔وزیر اعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بینجمن نیتن یاہو نے حکام کو 800 گھریلو یونٹ کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے یہودی آباد کاری کے معاملے میں غیر معمولی طور پر حمایت رہی ہے۔2019 میں سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ واشنگٹن اب یہودی آباد کاری کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی نہیں سمجھتا۔گزشتہ برس نومبر میں مائیک پومپیو مقبوضہ مغربی کنارے میں بستی کا دورہ کرنے والے پہلے امریکی سفارت کار تھے۔واضح رہے گزشتہ برس اکتوبر میں اسرائیل نے خلیجی ممالک سے معاہدوں کے بعد مغربی کنارے میں پہلی آباد کاری کی منظوری دی تھی۔
0 comments:
Post a Comment