300فیڈرز کی اپ گریڈیشن، 6400 ٹرانسفارمرز کی مینٹیننس کا کام ہو گا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک اپنے صارفین کو قابل بھروسہ اور مستحکم بجلی کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے جسے یقینی بنانے کے لیے پاور یوٹیلیٹی باقاعدگی کے ساتھ روٹین کی سالانہ پریونٹیو مینٹیننس اور پاور انفرااسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کے اقدامات کرتی ہے۔اس سلسلے میں صارفین کو شٹ ڈاؤن کے حوالے سے قبل از وقت اطلاع فراہم کی جاتی ہے۔ مرحلہ وار بنیادوں پر کراچی کے مختلف حصوں میں سالانہ پریونٹیو مینٹیننس (اے پی ایم)کی جاتی ہے تاکہ سسٹم کی بہتر کارکردگی کو یقینی بنایا جاسکے، اس حوالے سے 8119 پر رجسٹرڈ صارفین کو ایس ایم ایس اور کے ای لائیو ایپ کے ذریعے پہلے سے اطلاع دی جاتی ہے۔سالانہ پریونٹیو مینٹیننس کے تحت 2020-21میں تقریباً300فیڈرز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی جبکہ 6400 ٹرانسفارمرز کی مینٹیننس کا کام سرانجام دیا جائے گا۔ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کے 1300کے قریب مقامات پر حفاظتی آلات اور لوڈ بریکر سوئچز بھی لگائے جائیں گے۔علاوہ ازیں، کے الیکٹرک نے اوور لوڈنگ کو ختم کرنے کے لیے 650ٹرانسفارمرز کو بھی اپ گریڈ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔2020میں مون سون کی تباہ کن بارشوں کے دوران جن علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی وہاں بجلی کے نیٹ ورک کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے، پاور یوٹیلیٹی نے 45 اہم فیڈرز کی نشاندہی کی ہے اور انہیں پلانڈ مینٹیننس کی سرگرمیوں کے لیے شارٹ لسٹ کیاہے۔ صارفین سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ شٹ ڈائونز کے حوالے سے وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے لیے اپنے موبائل سے REG(space)[your 13 digit A/C #] لکھ کر8119پر ایس ایم ایس بھیجیں اور کے الیکٹرک میں اپنی رجسٹریشن کرائیں۔پاور یوٹیلٹی کی جانب سے اس بات کو بھی یقینی بنانے کی پوری کوشش کی گئی ہے کہ سالانہ پریونٹیو مینٹیننس کے دوران شہریوں کو کم سے کم تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔ سالانہ پریونٹیو مینٹیننس اور سسٹم کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں ادارے نے صارفین سے تعاون کی درخواست کی ہے۔واضح رہے کہ سسٹم کی بہتری اور اس کی صلاحیت سے پوری طرح استفادہ حاصل کرنے کے لیے سالانہ شٹ ڈاؤنز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صارفین کوسہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،ہم شہریوں کو بجلی کی مزید بہتر فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔یہ شٹ ڈاؤنز انتہائی اہم ہیں تاکہ بہتر ین اور قابل اعتماد پاور انفرااسٹرکچر کے ذریعے صارفین درمیانی مدت میں اور طویل المیعادد بنیادوں پرمستفیدہوسکیں۔کے الیکٹرک کی جانب سے تواتر کے ساتھ پورے نیٹ ورک میں سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے بھی اقدامات کیے جاتے ہیں
0 comments:
Post a Comment