حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے، معاون خصوصی کا بیان
اسلام آباد (ایچ ایم نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے اے پی سی کی ناکامی کے بعد مولانا صاحب خود کو دین کی خدمت کے لیے وقف کر دیں،حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے۔ بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا اے پی سی کی شاہکار فلم سکرین پر آنے سے پہلے ہی اتر گئی ۔ مفادات کی قیدی قیادت ہر مرتبہ مولانا کو بلا کر ان کی کرسی کھینچ لیتی ہے۔ مولانا صاحب سے دلی ہمدردی ہے کیونکہ اپوزیشن کے ناتواں کندھے ان کی سیاسی محرومی کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں،اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے۔اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی۔مولانا فضل الرحمان کے اس منصوبے کا نتیجہ وہی نکلے گا جو ان کے الیکشن ایڈونچر کا نکلا تھا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا اے پی سی کی ناکامی کے بعد مولانا صاحب آئندہ چار سال کے لیے خود کو صرف دین کی خدمت کے لیے وقف کر دیں۔
0 comments:
Post a Comment