جولائی اور اگست کے دوران 36.393ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) رواں مالی سال کے دوران سمندری غذا کی برآمدات میں 23.09فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی اور اگست 2019 کے دوران سمندری غذا کی برآمدات سے 36.393ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا ہے جبکہ جولائی اور اگست 2018 میں برآمدات کا حجم 29.565 ملین ڈالر رہا تھا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران سمندری غذا کی قومی برآمدات میں 6.828ملین ڈالر یعنی 23.09 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق بالحاظ وزن برآمدات میں 32.20 فیصد اضافہ ہوا ہے اور رواں مالی سال 2019-20 کے پہلے دو ماہ کے دوران 16ہزار 652 میٹرک ٹن سمندری غذائیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات کا حجم 12ہزار 596میٹرک ٹن رہا تھا۔ اس طرح جولائی اگست 2018 کے مقابلہ میں جولائی اگست 2019 کے دوران بالحاظ وزن سمندری غذا کی برآمدات میں 4ہزار 56میٹرک ٹن یعنی 32 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
0 comments:
Post a Comment