اسٹیل مل کی بحالی کے حوالے سے عملی اقدامات نہیں، تقریروں سے ہی گزارا کیا جارہاہے،عاصم بھٹی
تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ، ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فی الفور اقدامات کرے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاسلو کے صدر عاصم بھٹی اور جنرل سیکرٹری علی حیدر گبول نے کہا ہے کہ حکومت اسٹیل مل میں ہونے والی لوٹ مار اور کرپشن کی تحقیقات کرے، ملوث لوگوں کو سزا دی جائے ار ادارے کی لوٹی گئی رقم واپس دلوائی جائے لیکن کرپشن کی تحقیقات کی آڑ میں ملازمین کے روزگار پر سوالیہ نشان درست نہیں۔پاسلو کے ایک ہنگامی اجلاس میںرہنماؤں نے کہا کہ ماضی میں بھی بڑے چوروں کو بچانے کے لیے نزلہ نیچے لوگوں پر گراکر لیکن یہاں ہم یہ نہیں ہونے دیں گے۔موجودہ حکومت جو تبدیلی کا نعرہ لگاکر آئی تھی کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے لیکن لگتا ہے یہ ایک کروڑ نوکریاں دینے نہیں لینے آئی ہے۔اسٹیل مل کی بحالی کے حوالے سے اب تک کچھ عملی اقدامات نہیں لیکن وزیر اعظم سے لے کر نیچے تک اس پر بھی تقریروں سے ہی گزارا کیا جارہاہے۔سب سے بڑے مجرم تو وہ لوگ ہیں جو اس ادارہ کی بحالی میں رکاوٹ ہیں ۔ملازمین پاکستان اسٹیل کی تنخواہوں میں 2009سے آج تک اضافہ نہیں کیا گیا،تمام سہولیات ختم کردی گئیں ،کرپٹ مافیا کھلے عام گھوم رہے ہیں لیکن نزلہ سارا ملازمین پر ہی گرایا جاتا ہے جس کی ہم بھر پو ر مذمت کرتے ہیں اور تحفظ کے لیے بھر پور مزاحمت کریں گے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ابھی تک ملازمین کی تنخواہیں ریگولر نہیں ہوئی اور ریٹائرد ملازمین کے واجبات کے حوالے سے بھی کوئی اقدامات نہیں جبکہ کئی ریٹائرڈ ملازمین اپنے واجبات کے انتظار میں انتقال کرچکے ہیں لیکن مدینے کی ریاست کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔ حکومت وقت پاکستان اسٹیل کی عملی بحالی ،تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ، ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فی الفور اقدامات کرے۔
0 comments:
Post a Comment