پروجیکٹس کے تعمیراتی میٹریل کو سڑکوں پر رکھنے کے بجائے انھیں محفوظ بنائیں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں صفائی مہم کے سلسلے میں سندھ حکومت اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے درمیان طے پایا گیا ہے جس کے تحت آباد کے تمام ممبران اپنے تعمیر ہونے والے پروجیکٹس کے تعمیراتی میٹریل کو سڑکوں پر رکھنے کے بجائے انھیں محفوظ بنائیں گے تاکہ اس سے شہر میں آلودگی نہ پھیل سکے اور ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے۔ تفصیلات کے مطابق سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ روشن شیخ اور آباد کے چیئرمین محسن شیخانی کے درمیان سندھ سیکریٹریٹ میں تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں دونوں اداروں کے سربراہان نے غور وخوص کے بعد کی طے کیا کہ کراچی کو صاف اور مثالی میٹروپولٹن بنانے کے لیے ایس بی سی اے ،آباد اور کراچی بلدیہ کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے ۔کمیٹی کو کراچی میں تعمیر ہونے والے منصوبوں کی منظوری کے اختیارات حاصل ہوں اس کے علاوہ کمیٹی سروے کرکے متعلقہ اداروں کو کراچی میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات سے بھی آگاہی دے گی۔ کمیٹی ریگولر بنیادوں پر اجلاس کرکے کرچی کی تعمیرات سے متعلق تمام مسائل پر مشاورت کرکے اپنی رپورٹ سندھ گورنمنٹ کو ارسال کرے گی تاکہ حکومت سندھ کو تعمیرات سے متعلق مسائل حل کرنے میں آسانی ہو۔اس موقع پر آباد کے چیئرمین محسن شیخانی نے کہا کہ آباد کا مقصد رہائشی سہولتوں کی فراہمی اور ملکی معیشت کو فروغ دینا ہے،آباد ہر سال ڈیڑھ لاکھ خاندانوں کو رہائشی سہولت فراہم کررہی ہے۔پاکستان میں ایک کروڑ 20 لاکھ گھروں کی کمی ہے،رہائشی یونٹس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے آباد نے متعدد بار حکومت کو تجاویز بھی پیش کی ہیں۔آباد نے اپنے طور پر کم آمدنی والے طبقے کے لیے سوشل ہائوسنگ اسکیمیں بھی متعارف کرائی ہیں۔انھوں نے کہا کہ بلڈرز اور ڈیولپرز کو جب مافیا کہا جاتا ہے تو بہٹ افسوس ہوتا ہے ۔غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کے باعث ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے والے آباد کے ممبران کو بھی بلڈرز مافیا جیسے الفاظ سننے پڑتے ہیں جبکہ آباد کا کوئی بھی بلڈر متعلقہ اداروں کی منظوری کے بغیر کوئی پروجیکٹ شروع ہی نہیں کرتا اور آباد کا ہر ممبر تمام متعلقہ ٹیکس دے کر معاشی ترقی میں کردار بھی ادا کررہا ہے۔ محسن شیخانی نے امید ظاہر کی کہ کمیٹی کے قائم ہونے کے بعد غیر قانونی تعمیرات پر قابو پایا جاسکے گا۔
0 comments:
Post a Comment