فرائض کی انجام دہی کے لیے فیڈریشن ہائوس پہنچے تو ان کے چیمبر کو بند کردیا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت(ایف پی سی سی آئی)میں برسراقتدار گروپ بزنس مین پینل کے عہدیداروں نے خوفزدہ ہوکر سال2020کے فیڈریشن انتخابات کے لیے قائم 3رکنی الیکشن کمیشن کے اراکین زبیرچھایا، کیپٹن عبدالرشید ابڑو اور مسعودنقی کے اعلان کردہ فیصلے پر منتخب سینئرنائب صدر محمدحنیف گوہر کے لیے نہ صرف سینئرنائب صدر کا کمرہ کھولنے سے انکار کردیا بلکہ حنیف گوہر کے لیے تمام کمروں پر تالے ڈال دیے۔تفصیلات کے مطابق ایف پی سی سی آئی کے منتخب سینئرنائب صدرمحمدحنیف گوہر گزشتہ روز اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے فیڈریشن ہائوس پہنچے تو نہ صرف ان کے چیمبر کو بند کردیا گیا تھابلکہ بورڈ رومز سمیت مزید کئی کمروں پر بھی تالا ڈال دیا گیا تاکہ حنیف گوہر کسی کمرے میں نہ بیٹھ سکیں تاہم دوسری جانب ایف پی سی سی آئی میں کووڈ19کی وجہ سے فیڈریشن کے صدر انجم نثارکی جانب سے سرگرمیاں ختم کرنے اور تمام اجلاس ملتوی کیے جانے کے بعد بھی بزنس مین پینل کے نائب صدور اپنی ذاتی سرگرمیوں سمیت بعض اجلاس بھی کرنے میں مصروف ہیں اور جب ایسے ہی ایک اجلاس میں حنیف گوہر پہنچے تووہاں موجود عہدیداران پریشان ہوگئے،اس موقع پرحنیف گوہر نے بزنس مین پینل سے وابستہ فیڈریشن کے نائب صدور سے پوچھا کہ انہوں نے سینئرنائب صدر کا چیمبر یا دوسرے چیمبرز کو تالے کیوں لگارکھے ہیں جبکہ بزنس مین پینل کے عہدیداروں کے چیمبر کھلے ہوئے ہیں جس پر وہ عہدیدار کوئی جواب نہ دے سکے۔بزنس کمیونٹی کی جانب سے حنیف گوہر کے ساتھ غیر جمہوری رویہ اپنانے پر غم وغصہ بڑھتا جارہا ہے۔کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ بزنس مین پینل کی قیادت کا یہ رویہ اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ وہ فیڈریشن ہائوس پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور 30دسمبر کو ہونے والے الیکشن میں اپنی متوقع شکست سے خوفزدہ ہیں۔
0 comments:
Post a Comment